ممبئی …….ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 کے ڈراز کا اعلان کردیا گیا،پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 19 مارچ کو دھرم شالہ میں آمنے سامنے ہوں گے،گرین شرٹس کو گروپ میچز میں آسٹریلیا اورنیوزی لینڈ سے بھی مقابلہ کرنا ہے۔میگا ایونٹ کی لانچنگ تقریب ممبئی میں ہوئی ، جس میں میگا ایونٹ کے ڈراز کا اعلان کیا گیا۔پاکستان اور بھارت کے درمیان باہمی سیریز ہو یا نہ ہو،آئی سی سی ایونٹ میں ایک اور بڑا مقابلہ ہونے جا رہا ہے،ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 19 مارچ کو دھرم شالہ میں مدمقابل ہوں گی۔پاکستان گروپ ٹو میں ہے جس میں بھارت ،آسٹریلیا ،نیوزی لینڈ اور گروپ اے کی کوالیفائر ٹیم کو رکھا گیا ہے،گرین شرٹس اپنی مہم کا آغاز 16 مارچ کو کوالیفائر کے کیخلاف میچ سے کرے گی ۔19 تاریخ کو روایتی حریف پاک بھارت کا ٹکرائو ہے۔پاکستان کا تیسرا میچ 22 مارچ کو نیوزی لینڈ کے ساتھ ہے ،جبکہ گروپ کے آخری میچ میں گرین شرٹس کا ٹکرائو آسٹریلیا کے ساتھ 25 مارچ کو موہالی میں ہوگا۔میگا ایونٹ بھارت کے آٹھ شہروں میں آٹھ مارچ سے شروع ہوگااور ایونٹ کا فائنل 3 اپریل کو کولکتہ میں کھیلاجائے گا۔ اسی دوران ویمنز کا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ایونٹ بھی بھارت میں ہوگا جس میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 19 مارچ کودہلی میں مقابل ہوں گی۔