اسلام آباد……..پاکستان نےطویل ترین فاصلے تک مار کرنے والےبیلسٹک میزائل شاہین تھری کاکامیاب تجربہ کیاہے، ایٹمی اورروایتی ہتھیارلےجانےکی صلاحیت رکھنے والا میزائل اب دشمن کے علاقے میں اپنے ہدف کو 2 ہزار 750 کلومیٹر کے فاصلے تک نشانہ بناسکتا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے زمین سے زمین تک طویل ترین فاصلے تک مار کرنے والےبیلسٹک میزائل شاہین تھری کا کامیاب تجربہ بحیرہ عرب میں کیا، میزائل روایتی اور ایٹمی ہتھیار لے جانے اور دشمن کے علاقے میں اپنے ہدف کو 2 ہزار 750 کلومیٹر کے فاصلے تک نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس موقع پر ڈی جی اسٹریٹجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل مظہر جمیل نے افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز کو ان کی لگن،پیشہ وارانہ مہارت، عزم اور صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے مبارک باد دیتے ہوئے پاکستان کے اسٹریٹجک کمانڈ اینڈ کنٹرول پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈی جی ایس پی ڈی نے کہا کہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی اسٹریٹجک فورسز کی آپریشنل تیاریاں تسلی بخش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں پر امن بقائے باہمی کا خواہشمند ہے، پاکستان کے پاس موجود ایٹمی صلاحیت خطے میں استحکام کا باعث ہے۔ صدرمملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے بھی میزائل کے کامیاب تجربہ میں شریک فوجیوں،سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارک باد دی ہے۔