اسلام آباد…….قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اگر کوئی سیاسی آدمی ریاست دشمن سرگرمی میں ملوث ہے تو اس کی گرفتاری سے پہلے وزیراعلیٰ کو بتانا چاہیے، ڈاکٹر عاصم کے معاملے کو جس طرح بڑھایا گیا، ایسا نہیں ہوتا۔خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ رینجرز کے معاملے کو بڑا ایشو نہ بنایا جائے، پنجاب اور کے پی کے میں حالات سندھ سے بدتر ہیں لیکن وہاں ایسی چیزیں نظر نہیں آتیں، اگر پنجاب میں کرپشن کے خلاف ایسی کارروائیاں ہو ں تو بہت سے لوگ باہر چلے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر رینجرز کے معاملے کو سیاسی بنایا گیا تو جرائم پیشہ عناصر کو فائدہ ہوگا، رینجرز کے مسئلے کو جلد از جلد حل ہونا چاہیے، ڈاکٹر عاصم پڑھا لکھا آدمی ہے، ہو سکتا ہے اس کے اسپتال میں کوئی آ گیا ہو۔