اسلام آباد……گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر برف باری سے موسم مزید سر د ہوگیا ہے، محکمہ موسمیات نے کل سے پنجاب سمیت پشاور اور سکھر ڈویژن میں شدید دھندکا امکان ظاہر کیا ہے۔غذر، استور، اسکردو،دیامر سمیت گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر آج تیسرے روز بھی برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔لوئر دیراور چترال میں برفباری سے کئی مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں،ہزارہ ڈویژن میں ناران اور کاغان میں برفباری کے بعد راستے بند ہونے کے پیش نظر سیاحوں نے واپسی کا سامان باندھ لیا ہے،مری،سوات، مالم جبہ اور مالاکنڈ ڈویژن کے پہاڑوں پر برف باری کے بعد یخ بستہ ہوائیں چل رہی ہیں۔میدانی علاقوں میں موسم ابر آلود ہے،مختلف شہروں میں گذشتہ روز کی بارش اور برف باری سے سردی مزید بڑھ گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے اگلے دوسے تین روز کے دوران شمالی بلوچستان سمیت ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیاہے۔