نواز شریف کی میری سٹی میں ترکمانستان، افغانستان اور بھارت کے رہنماؤں سے ملاقات ، وزیر اعظم کا ایئر پورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا
وزیر اعظم نواز شریف ترکمانستان کے صدر اور بھارتی نائب صدر کے ہمراہ تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کا افتتاح کریں گے ، وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے پاکستان اور ترکمانستان کے تعلقات میں بہتری آئے گی ۔ وزیر اعظم نواز شریف ترکمانستان کے صدر قربان قلی بردی محمدوف کی دعوت پر اشک آباد پہنچے تو پٹرولیم کے وزیر مملکت جام کمال اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ نواز شریف ترکمانستان کے صدر اور بھارتی نائب صدر کے ہمراہ آج تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کا افتتاح کریں گے ، منصوبے کی تکمیل سے پاکستان ترکمانستان سے 1325 ایم ایم سی ایف ڈی گیس مل سکے گی ۔ اشک آباد میں آمد کے بعد وزیر اعظم نواز شریف نے ترکمانستان کے صدر سے ملاقات کی۔ غیرجانبدار سربراہ کانفرنس کے موقع پر ترکمانستان کے صدر کو مبارک باد دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ تاپی منصوبے سے خطے میں امن قائم ہو گا اور تجارت کو فروغ ملے گا۔ ترکمانستان کے صدر نے کانفرنس میں شرکت پر نوازشریف کا شکریہ ادا کیا اس سے پہلے اشک آباد میں انٹرنیشنل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے چاہتا ہے ۔