خطے میں ترقی کا نیا باب کھلے گا ، پاکستان میں امن اور تجارتی شعبوں کو فروغ ملے گا :وزیر اعظم کا ترکمانستان میں منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب
ترکمانستان (یس اُردو) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ تاپی گیس منصوبہ خطے کی ترقی کیلئے سنگ بنیاد ہوگا ، میری سٹی تاپی گیس منصوبے سے خطے میں ترقی کا نیا باب کھلے گا ۔ ترکمانستان میں گیس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ دوستی اور بھائی چارے کا ثبوت ہے ، تاپی گیس پائپ لائن منصوبے سے خطے میں امن اور تجارت کو فروغ ملے گا ، نواز شریف نے کہا کہ تاپی منصوبہ چاروں ملکوں کی مشترکہ کوششوں کے باعث پایہ تکمیل تک پہنچا ، منصوبے سے ترکمانستان کے وسائل کو جنوبی ایشیاء کی منڈیوں تک پہنچانے میں مدد ملے گی اور اس کے ساتھ ساتھ خطے میں عوام کیلئے روزگار کے مواقع بھی دستیاب ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے حوالے سے تمام منصوبے اس وقت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ ملک کو درپیش توانائی بحران سے چھٹکارہ دلا کر اسے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کیا جائے ۔ افغانستان کے صدر اشرف غنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تاپی گیس منصوبے نے ثابت کر دیا یہ خطہ بہت کچھ کرسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ترقی کے اس عمل میں پاکستان کے ساتھ ساتھ کھڑے ہیں اور جس مرحلے پر پاکستان کو ہماری مدد کی ضرورت ہوئی ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔