وزیر اعظم نواز شریف نے ترکمانستان سے واپسی پر طیارے میں دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاپی گیس منصوبہ خطے میں گیم چینجر ثابت ہو گا، بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں، آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو دنیا بھر نے سراہا۔
اسلام آباد: (یس اُردو) وزیر اعظم نواز شریف سے ترکمانستان میں بھارتی نائب صدر حامد انصاری کی مختصر ملاقات بھی ہوئی، دونوں رہنماؤں نے جامع مذاکرات کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس سے قبل ترکمانستان میں تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا، تقریب میں پاکستان کی نمائندگی وزیر اعظم نواز شریف جبکہ بھارت کی نمائندگی، بھارتی نائب صدر حامد انصاری نے کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ تاپی منصوبہ امن اور تجارت کے فروغ کا ذریعہ بنے گا اور خطے میں گیم چینجر ثابت ہو گا۔10 ارب ڈالر لاگت کا تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ 2018ء میں مکمل ہو گا۔ اس منصوبے کے تحت ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور بھارت کے درمیان 1735 کلو میٹر طویل پائپ لائن بچھائی جائے گی۔ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں وزیر اعظم نواز شریف کی بھارتی نائب صدر حامد انصاری سے مختصر ملاقات بھی ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات پر بات چیت ہوئی، وزیر اعظم نواز شریف اور حامد انصاری نے پاک بھارت جامع مذاکرات دوبارہ شروع ہونے پر اظہار اطمینان کا اظہار کیا۔ترکمانستان سے وطن واپسی پر طیارے میں دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت چاہتے ہیں کہ میز پر بیٹھ کر بات کی جائے۔ افغانستان کے معاملات بھی مذاکرات سے حل کرانا چاہتے ہیں۔ طالبان کو میز پر لانے کی پوری کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان پر ہمارا اثر ہے لیکن ہم انہیں کنٹرول نہیں کرتے، طالبان کے حوالے سے صرف پاکستان سے توقعات رکھنا درست نہیں۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ ممکن نہیں کہ پاکستان میں آپریشن اور افغانستان میں کوئی اور کردار ادا کریں، ہم نے افغانستان میں دوہرے کردار کا کبھی سوچا تک نہیں۔پاک بھارت تعلقات کے تناظر میں بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مودی نے حامی بھری تو ہم نے کہا بات چیت کیلئے تیار ہیں، طے کر لیں پاک انڈیا معاملات میز پر حل کرنے ہیں تو ہو جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک انڈیا مذاکرات میں ایک قدم آگے، دو قدم پیچھے والا معاملہ نہیں ہونا چاہئے، دونوں ممالک کو باہمی اعتماد کے ساتھ عملی اقدامات کرنا پڑیں گے۔کراچی آپریشن پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آپریشن سے کافی حد تک امن قائم ہو چکا ہے، دہشت گردی کے خلاف سمجھداری سے آگے بڑھ رہے ہیں۔