وزیر اعظم نواز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے دو روزہ دورے پر آج چین روانہ ہوں گے۔
اسلام آباد: (یس اُردو) شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہان حکومت کا چودہواں اجلاس چین کے شہر چنگ ژو میں ہو رہا ہے۔ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر اعظم نواز شریف کریں گے جبکہ قازقستان، کرغزستان، روس، تاجکستان اور چین کے وزرائے اعظم شرکت کریں گے۔ افغانستان، ایران، بھارت، بیلا روس اور منگولیا کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس میں دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے مشترکہ خطرات سے نمٹنے کا ایجنڈا سر فہرست ہے جبکہ رکن ملکوں کے درمیان معیشت، تجارت، ٹرانسپورٹ اور عوامی رابطوں کے فروغ پر بھی بات چیت ہو گی۔؎اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم نواز شریف چینی ہم منصب سے بھی ملاقات کریں گے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے قیام کا بنیادی مقصد رکن ممالک کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔ چین، قازقستان، کرغستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان تنظیم کے مستقل ارکان ہیں جبکہ رواں برس اوفا میں ہونے والے سربراہ اجلاس میں پاکستان اور بھارت کو بھی مستقل رکن بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ دونوں ملکوں کو تنظیم کے آئندہ سربراہ مملکت اجلاس میں مستقل رکنیت دی جائے گی۔