ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز سابق آسٹریلوی وکٹ کیپر ایڈم گلکرسٹ اور نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن مکلم کے پاس ہے جنہوں نے چھکوں کی سینچری مکمل کر لی ہے۔ تاہم آپ کو پتا ہے کہ کس پاکستانی بلے باز نے سب سے زیادہ چھکے لگائے ہیں؟۔
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کا کوئی بلے باز ٹیسٹ کرکٹ میں چوکے اور چھکے لگانے والے ٹاپ 10 بلے بازوں میں شامل نہیں ہے۔ پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ وسیم اکرم کے پاس ہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں 57 چھکے اور 324 چوکے لگائے۔ دوسرے نمبر پر عمران خان 55 چھکے اور 316 چوکے لگا چکے ہیں۔ تیسرے نمبر پر شاہد آفریدی کا نمبر آتا ہے انہوں نے اب تک 52 چھکے اور 220 چوکے لگائے ہیں۔
پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ چوکے سابق کپتان انضمام الحق نے لگائے۔ وہ پاکستان کی طرف سے ایک ہزار سے زیادہ چوکے لگانے والے بھی واحد کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے کیریئر میں 1105 چوکے اور 48 چھکے لگائے۔ محمد یوسف 957 چوکوں اور 51 چھکوں کیساتھ دوسرے اور یونس خان 802 چوکوں اور 43 چھکوں کیساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ چوتھے نمبر پر لیجنڈ بلے باز جاوید میانداد ہیں۔ انہوں نے 788 چوکے اور 48 چھکے لگائے ہیں۔