پاکستان میں اب بارود اور دھماکوں کے تماشے نہیں ہوں گے ، شہدا کے لہو نے قوم کو متحد کر دیا :نواز شریف کا پشاور میں تقریب سے خطاب
پشاور (یس اُردو) اے شہید بچو ہمارا عہد ہے آپ کے لہو کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے ، آپ کا لہو نئے درخشاں پاکستان کی پیشانی پر ہمیشہ چمکتا رہے گا ۔ یہ اعلان وزیر اعظم نواز شریف نے اے پی ایس پشاور میں کیا ہے ۔ وہ کہتے ہیں پاکستان میں بارود اور دھماکوں کے تماشے نہیں ہوں گے ، شہداء کے لہو کی حرارت نے قوم کومتحد کر دیا ، پاکستان کا راستہ متعین کر دیا ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے خطاب میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور عہد کیا دشمن سے ڈرنے والے نہیں ۔ ایسا پاکستان تعمیر کریں گے جہاں ہر بچے کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں گے ۔ پاکستان کا عہد ہے علم کی شمع بجھانے اور اندھیرے پھیلانے والوں کا وجود ختم کر دیں گے ، دشمنوں کو اپنے مستقبل سے کھیلنے نہیں دیں گے ۔ قوم کو جدید تعلیم سے آراستہ کریں گے ، قوم متحد ہے یہاں امن بھائی چارے کے پھول کھلیں گے ، آگ اور خون کے تماشے نہیں ہوں گے ، بارود کا دھواں نہیں ہوگا ، نفرت نہیں ہو گی ، شہدا کے لہو کی حرارت نے پاکستان کو بدل دیا ہے ۔ راستہ متعین ہو گیا ہے ، آج شہید بچوں کا لہو بول رہا ہے ، ایک ایک بوند ہمارے ارادوں میں موجزن ہے ۔ وزیراعظم نے وہ حالات بھی بیان کئے جنہوں نے قوم کو متحد کیا اور پوری قوت سے دہشت گردوں پر فیصلہ کن ضرب لگانے کا عہد ہوا ۔ یہ ایسا سانحہ تھا جس نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ۔ حکومت نے اب ہر سال 16 دسمبر کو قومی عزم تعلیم کا دن منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اسی طرح آرمی پبلک شہداء یونیورسٹی بنانے کا فیصلہ بھی ہوا ہے ۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کراچی اور بلوچستان میں امن کے لئے حکومت پوری کوشش اور اقدامات کر رہی ہے ۔