پاکستان کا دہشت گردی کے خلاف بننے والے اسلامی فوجی اتحاد کا خیر مقدم۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے اتحاد کے حوالے سے مزید تفصیلات کے منتظر ہیں۔
اسلام آباد: )یس اُردو) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف بننے والے اسلامی فوجی اتحاد کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ تفصیلات ملنے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ پاکستان کس حد تک عملی حصہ لے سکتا ہے۔ ترجمان کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات ہیں ۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہشتگردی کے خاتمے کے حوالے سے دو طرفہ تعاون جاری ہے۔ واضح رہے گزشتہ روز سعودی عرب نے دہشتگردی کے خلاف 34 ملکی فوجی اتحاد کا اعلان کیا تھا جس میں پاکستان کو اس اتحاد کا حصہ ظاہر کیا گیا تھا ۔ اتحاد میں ترکی، پاکستان ، ملیشیا، قطر ، لیبیا ، مراکش اور مصر سمیت کئی افریقی اور عرب ممالک شامل ہیں۔ اس سے قبل سعودی عرب نے یمن کے خلاف فوجی اتحاد میں بھی پاکستان کو اس اتحاد کا حصہ ظاہر کر چکا ہے۔