آئندہ سماعت پر چیئرمین نیب کا اتھارٹی لیٹر پیش کرنے کا حکم ، زیادہ اثر والی دوائیں لینے سے جسم پر زخم ہوگئے ہیں :ڈاکٹر عاصم
کراچی (یس اُردو) احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم کے ریمانڈ میں سات روز کی توسیع کر دی ، نیب ڈاکٹر عاصم کے ریمانڈ میں مزید توسیع کے لئے احتساب عدالت لے آئی ۔ ڈاکٹر عاصم کہتے ہیں کہ انہیں ہیوی میڈیسن سے پائوں میں زخم ہوگئے ہیں جبکہ نیب حکام کے مطابق ڈاکٹر عاصم کے ساتھ 24 گھنٹے ڈاکٹر اور نرس رہتے ہیں ۔ڈاکٹر عاصم کے سات روزہ ریمانڈ کے ختم ہونے کے بعد نیب حکام ڈاکٹر عاصم کو احتساب عدالت لے آئے جہاں ڈاکٹر عاصم کے مزید ریمانڈ کی استدعا کی گئی ۔ احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم کی اہلیہ اور بیٹی بھی موجود تھیں ۔پیشی سے قبل ڈاکٹر عاصم نے صحافیوں کو بتایا کہ مجھے ہیوی میڈیسن دی جارہی ہے ۔ میڈیسن کی وجہ سے ٹانگوں میں زخم ہوگیا ہے،میں کئی بیماریوں میں مبتلا ہوں اس لئے مجھے زیادہ اثر کی دوائیں دی جارہی ہیں ۔ڈاکٹر عاصم نے اپنی ٹانگوں کے زخم صحافیوں کو بھی دکھائے ، ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ میں ہیوی میڈیسن کی وجہ سے بار بار گر جاتا ہوں ، ہیوی میڈیسن سے ہونے والے زخموں میں شدید تکلیف ہے ۔ دوسری جانب تفتیشی افسر کے مطابق ڈاکٹر عاصم کے ساتھ عدالتی ہدایت پر ایک ڈاکٹر اور نرس چوبیس گھنٹے ساتھ رہتے ہیں ۔ ڈاکٹر اخلاق حسین 24 گھنٹے ڈاکٹر عاصم کے ساتھ ہوتے ہیں ۔نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ گزشتہ سات روز میں دو بار ڈاکٹر عاصم کا طبی معائنہ کرایا گیا ۔ ڈاکٹر عاصم سے تفتیش کے دوران بہت ساری چیزیں سامنے آئی ہیں ۔ نیب حکام کے مطابق چار گواہوں کے بیان بھی ریکارڈ کئے گئَے ہیں ۔ مختلف مقامات پر چھاپے مار کر شہادتیں اکٹھی کی گئَی ہیں ۔