نئی دہلی……بھارتی ریاست کرناٹکا کے شہر منگلورو کی انتظامیہ نے معروف مسلم مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک اور انتہاپسند ہندو تنظیم وشوا ہندو پریشد کے لیڈرپراوین توگاڈیا پر شہر میں داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔
اسلام سے متعلق بین الاقوامی مباحثوں اور تبلیغی سرگرمیوں کے حوالے سے شہرت رکھنے والے ڈاکٹر ذاکر نائیک 31دسمبر سے 7 جنوری تک منگلورو شہر میں جسے پہلے منگلور کہا جاتا تھا، داخل نہیں ہوسکیں گے،حالانکہ انہیں 2 جنوری کے روز منگلورو میں ایک کنونشن سے خطاب کرنا تھا لیکن مقامی انتہا پسند ہندو تنظیموں کے دباؤ میں نظم ونسق اور سیکیورٹی کا بہانہ بناتے ہوئے مقامی انتظامیہ نے دفع 144لگاتے ہوئے ان کی میزبانی سے ہاتھ کھڑے کر لئے۔اس سے پہلے ریاستی حکومت مجلس اتحاد المسلمین کے رہنما اسدالدین اویسی کو شہر میں داخل نہ ہونے کا پابند کر چکی ہے، جبکہ اسی طرح کے احکامات وشوا ہندو پریشد کے صدر پراوین توگاڈیاکے لئے بھی جاری کئے گئے ہیں، جو بقول مقامی انتظامیہ کے پابندی برقرار رہنے تک شہر میں نہیں آسکتے۔