جے پور……..بھارتی حکومت کے ایک سینئر افسر نے نچلی ذات سے تعلق کی بنا پر امتیازی سلوک کا نشانہ بنائے جانے کے خلاف اسلام قبول کرلیا ۔ انہوں ملازمت سے رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کی درخواست بھی دے دی ہے ۔ بھارتی آئی اے ایس آفیسر امراو سلودیا راجستھان اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے چیئرمین ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ گذشتہ چار سال سے کارپوریشن کے چیئرمین اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہیں لیکن موجودہ چیف سیکریٹری سی ایس راجن کو مدت ملازمت ختم ہونے کے باوجود تین ماہ کی توسیع دے دی گئی جبکہ وہ چیف سیکریٹری بننے کے حق دار تھے ۔امراو سلودیا نے کہا کہ ان کے ساتھ اس وجہ سے امتیازی سلوک کیا گیا کہ وہ نچلی ذات سے تعلق رکھنے والے ہندو ہیں ۔ اس سلوک سے تنگ آکر انہوں نے اسلام قبول کرلیا ہے اور اب ان کا نام امراؤ خان ہے ۔ ان کے گھر کے دیگر افراد بدستور ہندو ہیں ۔ امراؤ خان کے مطابق انہوں نے احتجاجاً ملازمت سے بھی رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کی درخواست بھی دے دی ہے ۔