لاہور(پ ر)سینئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)ٹریڈرز ونگ پنجاب وایف پی سی سی آئی کی قائمہ کمیٹی برائے امن و امان کے چےئرمین خواجہ خاور رشید نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے سالانہ انتخابات برائے 2016ء میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کی بھر پورکامیابی کے نتیجے میں عبدالرؤف عالم کو صدر اورخالد تواب کو سینئر نائب صدر منتخب ہونے ، تمام نائب صدور اور گروپ ممبران کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چےئرمین افتخار علی ملک کی قائدانہ صلاحیتوں کے نتیجہ میں ان کے گروپ نے کلین سویپ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کی نو منتخب قیادت ملک میں صنعت و کاروباری برادری کے مسائل کو حل کرانے کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گی اور ملک کی اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ خاور رشید نے مزید کہا کہ میں دعا گو ہوں کہ عبدالرؤف عالم کی اعلیٰ اور پروفیشنل قیادت کے ذریعے شفاف نظام کو فروغ ملے اور امید کرتا ہو ں کہ وہ حقیقی جمہوریت کے ساتھ پاکستان کے تمام چیمبرز کو مضبوط تر اور تاجر برادری کو بااختیار بنائیں گے اور تبدیلی کے نظریے کو مثبت انداز میں لے کر پاکستان کی معیشت کا مستقبل تابناک بنائیں گے جو آنے والی نئی قیادت کو موثر رہنمائی کیلئے صحتمند اقتصادی ماحول مہیا کرے گا۔یونائیٹڈ بزنس گروپ کی فیڈریشن الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیابی کے بعد تمام افواہوں کا خاتمہ ہو گیا ہے اوریہ کامیابی تاجر وصنعتکار برادری کے اتحاد اور ملکی معاشی ترقی کا ضامن ثابت ہو سکتا ہے لہذٰا اب یکجا ہو کر ملک اور معیشت کو در پیش مسائل کو حل کرنا ہو گا۔