لاہور(پ ر ) لاہور ٹریڈرز رائٹس فورم کے وائس چےئرمین و کیمیکل ہاؤس کے چیف ایگزیکٹو راؤ خورشید علی نے نے وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی سکیم کے اجراء کوخوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ رضا کارانہ ٹیکس ادائیگی سکیم کے تحت تاجروں اور حکومت کے درمیان اعتماد سازی کو فروغ حاصل ہوگا ،ترقی یافتہ ممالک کی طرح تاجروں کو ذمہ داری کے ساتھ ٹیکس دینے کا رجحان فروغ پانا چاہیے۔جس کے باعث نہ صرف حکومت کے ریونیو میں اضافہ ہوگا بلکہ کاروباری سرگرمیوں میں بھی بہتری آئے گی۔انہوں نے کہاکہ حکومت کو چاہیے کہ وہ تاجر برادری کو ایسا خوبصورت اور خوشگوار ماحول فراہم کرے جس میں پہلے سے موجود ٹیکس دہندوں پرمزید ٹیکسوں کا بوجھ بڑھانے کی بجائے نئے افراد کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے اور کاروباری افراد خوشی سے ٹیکس نیٹ میں آنے کو ترجیح دینے لگیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ایف بی آر کے ٹیکس نظام ادائیگی کے طریقہ کار کو آسان بنائے تاکہ ایک عام کاروباری فرد بھی ٹیکس ادا کرنے کو وبال جان نا سمجھے بلکہ با آسانی ٹیکس ادا کر کے ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔