کراچی (جیوڈیسک) کراچی سے تعلق رکھنے والا بین الاقوامی سمگلر اور بدنام دہشت گرد عباس آفریدی پشاور میں سی ٹی ڈی پولیس کے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا ۔ ملزم عباس آفریدی پولیس حملوں ، لسانی فسادات میں شہریوں کے قتل سمیت دہشت گردی کی سنگین وارداتوں میں ملوث ہے ۔ ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے کٹی پہاڑی سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی سمگلر اور بدنام دہشت گرد عباس آفریدی کو پشاور میں کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پولیس کے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا ہے ۔
ملزم عباس آفریدی پولیس اہلکاروں کے قتل اور چند سال قبل شہر میں ہونے والے لسانی فسادات کے دوران درجنوں بے گناہ شہریوں کے قتل سمیت دہشت گردی کی دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے ملزم عباس آفریدی کو پشاور میں پہلے سے گرفتار اس کے بھائی بلال آفریدی کی نشان دہی پر گرفتار کیا گیا ۔ عباس آفریدی کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں درجنوں مقدمات درج ہیں ۔ پشاور پولیس نے کراچی پولیس سے عباس آفریدی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیل طلب کرلی ہے ۔ ملزم کے دو بھائی ساجد اور ظفر چند ماہ قبل سی ٹی ڈی سے مقابلے میں ہلاک ہوئے تھے ۔