اسلام آباد……صوبوں اور وفاق میں بداعتمادی بڑھ رہی ہے ، اپوزيشن لیڈر خورشید شاہ کی دہائی ، ایوان میں وزرا کے نہ آنے کا بھی شکوہ ، کہا جب حکومت کو اپنے لالے پڑے تھے تو پارلیمنٹ نے ہی بچایا ، مشکل وقت میں وزیراعظم اور وزرا روز یہاں آتے تھے ۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ جب حکومت کو اپنے لالے پڑے تو پارلیمنٹ نے ہی بچایا، مشکل وقت میں وزیراعظم اور وزراء روزانہ اسمبلی آتے تھے۔پارلیمنٹ کو اہمیت نہیں دی جارہی، ایوان اور گیلریز سونی پڑی ہیں، ایک وزیر نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی فارغ تھے اس لئے روزانہ پارلیمنٹ آتے تھے، اسپیکر اس بیان کا نوٹس لیں۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے مزید کہا کہ صوبوں اور وفاق میں بد اعتمادی بڑھ رہی ہے ، بد قسمتی سے وفاقی حکومت آئین کو مسلسل نظر انداز کر رہی ہےجو خطرناک بات ہے انہوں نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا سال میں کم از کم 2 بار اجلاس ہونا ضروری ہے لیکن حکومت کوکو خوف ہے کہ صوبے آئیں گے اور اپنے مسائل کے حل کا کہیں گے، اگر پارلیمنٹ خود آئین پر عمل نہ کر سکے ، کمزور ہو تو جمہوریت کیسے مضبوط ہو گی ۔خورشید شاہ نے کہا سعودی عرب اور ایران کے معاملے پر کمزور بیان دیا گیا، کیا ثابت کیا گیا کہ پاکستان کچھ نہیں ہے،یہ خورشید شاہ نہیں بول رہے ، پاکستان کی عوام بول رہی ہے ، انہوں نے حکومت کو تنبیہ کی کہ آئین کو مضبوط کرے جسے کوئی ڈکٹیٹر ختم نہیں کر سکا لیکن اگر اس آئین سے بالا سوچا گیا تو پھر کسی دشمن کی ضرورت نہیں۔اپوزیشن لیڈر نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب نہ کرنے پر وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا