نئی دہلی……بھارتی دفتر خارجہ کے ترجمان وکاس سوارپ نے کہا ہے کہ پاکستان کے بارے میں ہماری پالیسی واضح ہے،ہم نے اس کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے لیکن سرحد پار دہشت گرد حملے برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔ان کا مزید کہنا ہے کہ پٹھانکوٹ ائیر بیس پر حملے سے متعلق قابل عمل معلومات پاکستان کو فراہم کر دی ہیں، دیکھنا یہ ہے کہ اب پاکستان کیا کرتا ہے، ہم پاکستان کی جانب سے قابل عمل ایکشن کے منتظر ہیں۔ترجمان بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ پٹھانکوٹ پر حملے کے بعد پاکستان نے رابطہ کیا اور ہم نے انٹیلی جنس معلومات دیں، بھارتی حکومت نے پاکستان کو قابل عمل معلومات فراہم کردی ہیں،گیند اب پاکستان کے کورٹ میں ہے،اب پاکستان کو پہل کرنی ہے، ہم معلومات دے چکے ہیں، بنکاک ملاقات میں تمام امور پر گفتگو ہوئی تھی،فوری اقدام یہ ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت ہو۔وکاس سوارپ نے کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم نے مؤثر اقدام کا وعدہ کیا ہے،اگر پاکستان ایکشن لےگا تو بہت اچھا کرے گا،پاکستان کے وزیراعظم کی جانب سے کئے گئے وعدوں کے پورا ہونے کے منتظرہیں۔