کراچی….کراچی میں انسداد دہشگردی کی عدالت نے سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کیس کی آئندہ سماعت کے لیے 19 جنوری کی تاریخ مقرر کردی۔آئندہ سماعت پر ڈاکٹر عاصم حسین پر فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔ سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ کیس کی سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے مفرور ملزمان کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ جمع کرائی۔ رپورٹ کے مطابق کیس میں نامزد ایک ملزم عثمان معظم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ رؤف صدیقی کو ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا جو عدالت میں ہی موجود ہیں۔رپورٹ کے مطابق ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹرعاصم حسین کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ انکے کے موکل کو علاج کے لیے نجی اسپتال منتقل کیا جائے۔دوران سماعت ملزمان کے وکلا کو گواہوں کے بیانات کو نقول بھی فراہم کی گئیں۔عدالت نے کیس کی سماعت 19 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم کو طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔آئندہ سماعت پر ڈاکٹر عاصم پر فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔عدالت نے کیس میں 4 مفرور ملزمان کے ایک بار پھر وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے۔ملزمان میں انیس قائمخانی، سلیم شہزاد، قادر پٹیل اور وسیم اختر شامل ہیں۔ ڈاکٹر عاصم کیس میں ایم کیو ایم کے رہنما رؤف صدیقی کی ضمانت قبل از گرفتاری میں بھی 19 جنوری تک توسیع کردی گئی۔