کراچی…. سندھ بھر میں میٹرک کے سالانہ امتحان 28مارچ جبکہ انٹر میڈیٹ کے سالانہ امتحانات 28اپریل سے ہوں گے اور اسکولوں کی سطح پر تعلیمی سیشن یکم اپریل اور کالجوں میں یکم اگست سے شروع ہوگا۔صوبے میں موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے 31جولائی تک اور موسم سرما کی 22دسمبر سے یکم جنوری 2017تک ہوں گی۔یہ فیصلے صوبائی محکمہ تعلیم کی اسٹیئر نگ کمیٹی کے اجلا س میں کیے گئے۔اجلاس کی صدارت وزیر تعلیم سندھ نثار احمد کھوڑو نے کی ۔اس موقع پر سیکریٹری تعلیم فضل اللہ پیچوہو ،اسپیشل سیکریٹری تعلیم عالیہ شاہد، ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ پروفیسر ناصر انصار سمیت تمام تعلیمی بورڈ کے سربراہان ، چیئر مین تعلیمی بورڈ و دیگر تعلیمی افسران نے شرکت کی۔اسٹیئرنگ کمیٹی نے پہلی سے تیسری جماعت تک طلبا کی بغیر امتحان اگلی جماعت میں ازخود ترقی ختم کر دی ہے۔اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کے مطابق کراچی سمیت سندھ میں انٹر سال اول کے داخلے کیپ کے تحت یکم اگست سے ہوں گے۔اندرون سندھ کے تعلیمی بورڈ میٹرک کے نتائج 15جولائی 2016جبکہ کراچی بورڈ 31جولائی 2016تک جاری کرنے کا پابند ہوگا۔
اجلاس میں یوم اقبال 9نومبر کو سالانہ تعطیلات میں شامل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔