لاہور…..لاہور کے علاقے کاہنہ میں آڑھتیوں کے دو گروپوں میں فائرنگ سے نوجوان ہلاک جبکہ 4افراد زخمی ہو گئے ، ورثاء کی ہنگامہ آرائی ، لاش فیروز پور روڈ پر رکھ کر ٹریفک بلاک کر دی۔پولیس ہاتھا پائی کے بعد لاش چھین کرلے گئی ،ورثاء احتجاج کرتے وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچ گئے۔لاہور کے قصبے کاہنہ میں آڑھتیوں کے دو گروپوں میں لین دین کا جھگڑا فائرنگ تک جا پہنچا ،گولیاں لگنے سے چار افراد زخمی ہوگئے،انہیں فوری طور پر جنرل اسپتال پہنچایا گیا جہاں 32 سالہ زخمی جاوید چل بسا، ہلاکت کی اطلاع پر ورثاء اور متاثرہ گروپ مشتعل ہو گیا۔میت اٹھا کر اسپتال کے باہر فیروزپور روڈ پر لے آئے اور ٹریفک بلاک کر دی ،ہنگامہ آرائی پر پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی اور انہیں روکنے کی کوشش کی ، پولیس اور مشتعل مظاہرین میں ہاتھا پائی بھی ہوئی، کئی مظاہرین میٹرو بس کے جنگلے پھلانگ کر اندر داخل ہو گئے اور سروس روکنے کی کوشش کی ، احتجاج کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، دو خواتین بےہوش ہو گئیں ۔پولیس نے تشدد سے زخمی ہونے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا،اس موقع پرپولیس لاش چھین کراسپتال لے گئی، ،جس پر مظاہرین احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن پہنچ گئے۔ پولیس کی بھاری نفری بھی پہنچ گئی اور مظاہرین کو منتشر کر دیا ۔