جازان……..یمن میں باغیوں کی سرکوبی کے لیے سرگرم اتحادی ممالک کے طیاروں نے سعودی عرب کی سرحد کے قریب بڑے پیمانے پر فضائی حملے کیے ہیں جن میں حوثی باغیوں اور سابق صدر علی عبداللہ صالح کی حامی ملیشیا کو نشانہ بنایا گیا ۔غیرملکی میڈیاکے مطابق سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی ممالک کے جنگی طیاروں نے اتوار کو سعودی عرب کی سرحد سے متصل حرض کے مقام پر بمباری کی، جس میں باغیوں کے متعدد ٹھکانے تباہ ہوئے۔اتحادی طیاروں نے سعودی عرب کی سرحدی خلاف ورزی پر یمنی باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں دشمن کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچا ہے۔بمباری میں حوثی ملیشیا اور علی صالح کے حامیوں کے زیرقبضہ کئی فوجی گاڑیوں اور توپخانے کو تباہ کر دیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادی طیاروں نے بغیر پائلٹ جاسوس طیاروں کی مدد سے حوثیوں کے خفیہ ٹھکانوں کی نشاندہی کی تھی، جس کے بعد انہیں بمباری سے تباہ کیا گیا ہے۔