اسلام آباد…..پاکستان نے پٹھانکوٹ حملے کی ابتدائی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ بھارت کو فراہم کردی ہے ، بھارت کی جانب سے جواب جلد ملنے کی توقع ہے ۔
بھارت میں پٹھانکوٹ ایئر بیس پر 2 جنوری کو حملہ ہوا۔بھارت نے پاکستان کو حملہ آوروں سے متعلق کچھ فون نمبرز فراہم کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حملہ آوروں نے بہاولپور سے ان نمبرز سے بات کی تھی ، پاکستان تحقیقات کرے ۔بھارت کا دعویٰ ہے کہ حملہ آور کالعدم جیش محمد سے تعلق رکھتے ہیں۔حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستانی اداروں نے بھارتی معلومات کی روشنی میں فوری تحقیقات شروع کر دی تھیں اور اب ابتدائی رپورٹ بھارت کو بھجوا دی ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے جو فون نمبرز فراہم کیے ، وہ غیر رجسٹرڈ ہیں، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔بھارت سے پٹھانکوٹ واقعہ پر مزید شواہد اور ثبوت بھی مانگے گئے ہیں ، امکان ہے کہ بھارت کا جواب جلد مل جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق پٹھانکوٹ واقعہ کے بعد پنجاب کے شہر بہاولپور میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔