پیرس (زاہد مصطفی اعوان) اردو دوست ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر عرفان مجید راجہ کی زیر صدارت گزشتہ روز ذیشان کبابش ریسٹورنٹ پر سالانہ کارکردگی اجلاس ہوا، جس میں ایسوسی ایشن کے بانی صدر ڈاکٹر قمرفاروق، جواد چیمہ، محمد بلال بھٹی، غلام فرید بھٹی نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد ڈاکٹر عرفان مجید راجہ کی جانب سے پر تکلف عشائیہ دیا گیا۔اردو دوست ایسوسی ایشن کے تمام ممبران نے سال 2015 میں ایسوسی ایشن کی کارکردگی کو سراہاجس میں،عید الفطر پر عید ملن پارٹی،یوم اقبال، سانحہ پیرس کے بعد یورپ میں مسلمانوں کا مستقبل مذاکرہ اور سانحہ پشاور 16 دسمبر کی تقاریب کا خصوصی ذکر کیا گیا۔
تمام ممبران نے اس بات کا عہد کیا کہ 2016 میں ماہنامہ دوست اسپین کے ساتھ ساتھ جنوری سے شروع ہو نے والے اخبار پاکستان دوست کو بھی عوامی سطح پر مقبولیت کے لئے دن رات محنت کی جا ئے گی۔ ڈاکٹر عرفان مجید راجہ کا کہناتھا کہ ہمیں اردو زبان کی ترویج کے لئے مقامی پاکستانی لکھاریو ں کو زیادہ سے زیادہ موقع دینا چاہیے جس کے لئے ہمیں اپنے میگزین اور اخبار میں صفحات مختص کر نے ہو نگے۔
اردو دوست ایسوسی ایشن کی جانب سے اردو زبان کی ترویج کے لئے اور اردو کے لئے کام کر نے والو ں کو سراہنے کے لئے ایک انقلابی قدم اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔