کابل۔۔۔۔افغان شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کےباہر خود کش حملے میں 6افراد ہلاک ہوگئے ، حملہ آوروں اور افغان سیکیورٹی فورسز کے درمیان کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا ، خودکش حملے کےبعد پاکستانی قونصل خانہ بند کردیا گیا ۔افغانستان کے مشرقی شہر جلال آباد میں آج صبح پاکستانی قونصل خانے کے باہر حملہ گیا گیا ، افغان حکومتی ترجمان کے مطابق خودکش بمبار نے پاکستانی ویزہ کے حصول کے لیے لائن میں کھڑے لوگوں میں گھسنے کی کوشش کی لیکن روکے جانے پرخود کو دھماکے سے اڑالیا ، اس موقع پر فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔عینی شاہدین کے مطابق اس علاقے میں کئی دھماکے سنے گئے ، جبکہ ایک گھر میں چھپے مسلح افراد اور افغان سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا ، دھماکوں اور فائرنگ کےبعد قریب کے رہائشی علاقے اور اسکولوں کو خالی کرالیا گيا ۔سیکیورٹی اہلکاروں کے مطابق ابھی بھی دیگرحملہ آور پاکستانی قونصل خانے کی حدود میں موجود ہوسکتے ہیں۔