اسلام آباد میں نجی ٹی وی چینل اے آر وائی کے دفتر پر موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں کا کریکر حملہ، ایک ملازم زخمی، سکیورٹی گارڈ کی جوابی فائرنگ پر حملہ آور فرار ہو گئے۔
اسلام آباد: (یس اُردو) وفاقی دارالحکومت کے ایف سیون فور میں واقعہ اے آر وائی ٹی وی چینل کے دفتر پر موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں نے کریکر حملہ کیا اور بعد میں فائرنگ بھی کی اس موقع پر انھوں نے وہاں ایک پمفلٹ بھی پھینکا۔ فائرنگ سے اے آر وائی کا نان لینئر ایڈیٹر زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے پولی کلینک ہسپتال پہنچایا گیا۔ حملہ آور سیکیورٹی گارڈ کی جوابی فائرنگ سے فرار ہو گئے۔ حملے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام کے علاوہ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید بھی موقع پر پہنچے اور انھوں نے حملہ کی مذمت کرتے ہوئے ملوث دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے ہر ممکن کوشش کا یقین دلایا۔ پرویز رشید نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ میڈیا ہاؤسز کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی جائے گی اور حکومت میڈیا کے دفاتر کا تحفظ یقینی بنائے گی۔