لالہ موسیٰ( نامہ نگار )شہر میں صفائی کا نظام بہتر بنانے کے لئے ٹی ایم اے گجرات نے 1کروڑ 24لاکھ روپے کی لاگت سے 3جدید آٹو میٹک کمپکٹر خرید لئے ہیں جو روزانہ 24ٹن سالڈ ویسٹ اٹھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے عرفان علی کاٹھیا ،ایم پی اے حاجی عمران ظفر اور چےئرمین حاجی ناصر محمود کے ہمراہ جدید مشینری کا افتتا ح کیا۔ ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جدید مشینری کی شمولیت سے ٹی ایم اے کی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی صلاحیت بہت بہتر ہو جائے گی اور روایتی طریقہ سے جدید طریقہ کار کی وجہ سے صفائی کا نظام بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لئے جدید مشینری کی خریداری کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ خوبصورت گجرات پراجیکٹ کو حقیقی کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی صلاحیت میں اضافہ ناگزیر ہے ۔ انہوں نے ٹی ایم اے کے افسران و اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ شہریوں کو صحت و صفائی کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے ذمہ داری سے اپنا کردار ادا کریں تاکہ گجرات کو ملک اور صوبے کے خوبصورت اور صاف ستھرے شہروں میں شامل کیا جا سکے۔ ایم پی اے حاجی عمران ظفر ، چےئرمین حاجی ناصر محمود نے جدید مشینری کی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیا ت کی فراہمی کے لئے حکومت پنجاب تمام درکار وسائل فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلدیاتی نمائندوں کے باقاعدہ ذمہ داریاں سنبھالنے کے لئے بعد شہر میں صحت و صفائی کی صورتحال مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔