counter easy hit

ہیوسٹن میں مقیم پاکستانیوں کاکراچی کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کاتحفہ

Water filtration plant

Water filtration plant

کراچی۔۔۔۔۔۔امریکاکے چوتھے بڑے شہر ہیوسٹن میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے کراچی کے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے آر او واٹر فلٹریشن پلانٹ کا تحفہ دیا ہے جس کا افتتاح کردیا گیا۔
کراچی ہیوسٹن سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کی جانب سے نارتھ ناظم آباد بلاک ایل میں آر او واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح کی باقاعدہ تقریب ہو ئی۔تقریب سے مہمان اعزازی پیٹرن انچیف کراچی ہیو سٹن سسٹر سٹی ایسوسی ایشن مجید عزیز نے کہا کہ ہیوسٹن میں مقیم پاکستانی برسوں سے امریکا میں آباد ہیں لیکن ان کا دل آج بھی پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے جس کی واضح مثال صاف پانی کا یہ منصوبہ ہے جو کراچی کے شہر یوں کوتحفتاً دیا گیا ہے۔اس موقع پر کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر یونس محمد بشیر نے کہا کہ یہی منصوبے حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت ہیں ۔انہوں نے توجہ دلاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کراچی کے علاقے گڈاپ اور سپرہائی وے پر آج بھی خواتین میلوں دور جاکر پانی بھر کر لاتی ہیں وہاں بھی ایسے آر او واٹر فلٹریشن پلانٹ لگا ئے جائیں۔تقریب سے کنٹری ڈائریکٹر ایچ ایچ آرڈی فضل الرحمن ،الخدمت فاوٴنڈیشن پاکستان کے اسسٹنٹ سیکریٹری انجینئر عبد العزیز نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پرکراچی ہیوسٹن سسٹر ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل خالداقبال خان اور نائب صدر وسیم الدین بھی موجود تھے،آخر میں تمام مہمانوں کو اجرک اور یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔