ہملٹن……دوسرے ٹی 20انٹرنیشنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو میچ جیتنے کیلئے 169رنز کا ہدف دیا ہے، عمر اکمل نے 56رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
ہیملٹن میں کھیلے جارہے میچ میںکپتان آفریدی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز پراعتماد انداز میں کیااورسینٹنر کے پہلے اوور میں11رنز حاصل کیے لیکن29کے مجموعی اسکور پر احمد شہزاد تیز کھیلنے کی کوشش میں 9 رنز بناکر اینڈرسن کی گیند پر ولیم سن کو کیچ دے بیٹھے۔مجموعی اسکور میں صرف 5رنز کے اضافے کے بعد محمد حفیظ نے بھی پویلین کی راہ لی، حفیظ 19 رنز بناکر سینٹنر کا شکار بنے۔شعیب ملک اور صہیب مقصود نے اننگز کو آگے بڑھایا اورتیسری وکٹ کی شراکت میں 33رنز جوڑے، اس موقع پر صہیب مقصود نے بھی جلد بازی کی اور18رنز بناکر ایلیٹ کی گیند پر سینٹنرکے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔شعیب ملک اور عمر اکمل نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے رن ریٹ کو بہتر کیا اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں 63رنز بنائے، اس موقع پر شعیب ملک 30گیندوں پر 39رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔ بوم بوم آفریدی نے ملنے کی ایک گیند پر چھکا لگایا اور دوسری گیند کوبھی اسٹیڈیم سے باہر پھینکنے کی کوشش میں ولیم سن کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے ایک چھکے کی مدد سے 7رنز بنائے۔مراکمل نے تیزرفتار بیٹنگ کرتے ہوئے 22گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔عماد وسیم 8رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ سرفراز احمد رن لینے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوابیٹھے۔عمراکمل نے4چھکوں اور 4چوکوں کی مدد سے 27گیندوں پر 56رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ یوں گرین شرٹس نے مقررہ 20اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان 168رنز بنائے اور کیوی کو میچ جیتنے کیلئے 169رنز کا ہدف ملا ہے۔نیوزی لینڈ کی طرف سے مک کلیناگھن نے 2 جبکہ سینٹنر، اینڈرسن، ملنے اور ایلیٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔تین میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے، آکلینڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان نے 16 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔