کھاریاں (نیئر صدیقی سے)کھاریاں پریس کلب کے انتخابات ، حاجی عبدالرؤف صدر، آفتاب احمد نذر جنرل سیکرٹری اور جبار ساگر فنانس سیکرٹری منتخب ہو گئے۔ پولنگ صبح گیارہ بجے سے تین بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہی۔ کاسٹ ہونے والے ووٹوں کا تناسب 100فیصد رہا۔ تاریخ میں پہلی بار الیکشن ڈے کو الیکشن فیسٹول کے طور پر منایا گیا۔ دن کا آغاز گرما گرم حلوہ پوری کے ناشتے سے کیا گیا۔ فریش جوس کا اسٹال بھی لگایا گیا تھا۔ تمام امیدوار ایک دوسرے کے ساتھ انتہائی خوشگوار ماحول میں گپ شپ لگاتے رہے اور ڈھول کی تھاپ پرایک ساتھ بھنگڑے ڈالتے رہے۔ الیکشن فیسٹول کی نئی روایت کو دیکھنے کیلئے تحصیل کھاریاں کی ممتاز سیاسی، سماجی شخصیات دن بھر پریس کلب میں آتی رہیں۔ آنے والے تمام معزز مہمانوں کا استقبال ڈھول کی تھاپ پر کیا جاتا رہا۔ نتائج کے اعلان کے وقت تمام ہارنے والے امیدوارو ں نے جیتنے والوں کے گلے میں پھولوں کے ہارپہنائے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمانان گرامی نے شاندار انتخابی روایت قائم کرنے پر الیکشن بورڈ کے چیئرمین کلیم اللہ گیلانی ، ممبران نصر اللہ چوہدری اور تنویر نقوی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور الیکشن فیسٹول کو تمام سماجی، سیاسی و کاروباری تنظیموں کیلئے قابل تقلید قرار دیا۔الیکشن فیسٹول کا دورہ کرنے والی شخصیات میں پاکستان تحریک انصاف کی سابق امیدوار قومی اسمبلی تاشفین صفدر مرالہ، چوہدری شاہد مرالہ، پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خان محمد اسلم، متوقع چیئرمین بلدیہ کھاریاں چوہدری اسفند اصغر ، کھاریاں بار کے صدر چوہدری خالد حسین ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری چوہدری محبوب علی ڈھولہ، مرکزی انجمن تاجراں کے صدر چوہدری شوکت علی، انجمن تاجراں مین بازار کھاریاں کے صدر عثمان اکبر عباسی، کھاریاں ویلفیئر ٹرسٹ کے صدر بشارت احمد چوہدری، ق لیگ کے رہنما چوہدری عرفان نصیر مرالہ، کھاریاں میونسپل کمیٹی کے نومنتخب کونسلران اور دیگر سماجی شخصیات شامل تھیں۔ بعد میں معزز مہمانوں اور ممبران پریس کلب کی فریش بار بی کیو سے تواضع کی گئی۔