اسلام آباد…..سی ڈی اے نے اسلام آباد کے رہائشی علاقوں میں قائم سیاسی جماعتوں کے دفاتر کو سیل کرنا شروع کردیا، تحریک انصاف، مسلم لیگ ق اور جماعت اسلامی کے دفاتر سیل،دیگر کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
سی ڈی اے نے اسلام آباد کے رہائشی مکانات کے غیر رہائشی مقاصد کے استعمال کے خلاف کاروائی شروع کر دی۔ سپریم کورٹ کے 22 دسمبر 2015 کے حکم کے تحت کاروائی کا آغاز مسلم لیگ ق کے دفترسے کیا، جو پہلے سے ہی بند تھا، سی ڈی اے حکام نے بند دفتر کو سیل کیا اورسیکٹر جی سکس میں واقع پیپلزپارٹی سیکریٹریٹ پہنچ گئے۔پیپلزپارٹی کے میڈیا کوآرڈینیٹر حافظ نعیم نے کہا کہ سی ڈی اے کے نوٹس کے بعد سے یہاں کوئی سیاسی سرگرمی نہیں ہورہی، پیپلزپارٹی نے قانونی نوٹس کا جواب بھجوایا ہوا ہے، سی ڈی اے اہلکاروں نے پیپلزپارٹی کا جھنڈا اتارنے کی کوشش کی تاہم وہاں موجود پارٹی ذمہ داروں نے جھنڈا اتارنے نہیں دیا۔سی ڈی اے کا عملہ تحریک انصاف کے دفتر پہنچا، پہلے 3 کمرے سیل کیے اور پھر جاتے ہوئے پورا دفتر ہی سیل کرکے نوٹس آویزاں کردیا، پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، کچھ مہلت دی جائے تو اپنا دفتر منتقل کرلیں گے۔جماعت اسلامی کا دفتر جو پہلے سے ہی بند تھا اُسے سیل کردیا گیا، جس کے بعد سی ڈی اے کی ٹیم مسلم لیگ ن کے سیکریٹریٹ روانہ ہوگئی، سی ڈی اے نوٹیفکیشن کے مطابق سپریم کورٹ نے 22 دسمبر 2015 کو رہائشی علاقوں میں کمرشل سرگرمیاں، غیر رہائشی مقاصد کے لیے استعمال کیے جانے دفاتر اور سیاسی جماعتوں کے دفاتر بند کرنے کا حکم دیا تھا۔