counter easy hit

جمرود: چیک پوسٹ کے قریب دھماکا، 10 افراد شہید

Peshawar: Blast near checkpoint

Peshawar: Blast near checkpoint

خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود میں خاصہ دار فورس کی چیک پوسٹ کے قریب دھماکا ہوا۔ واقعے میں پولیٹیکل انتظامیہ کے افسر چار خاصہ داروں سمیت دس افراد لقمہ اجل بن گئے۔ واقعے میں اٹھائیس افراد زخمی بھی ہو گئے۔
جمرود: (یس اُردو) خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود میں دہشتگردوں نے وار کیا اور کارخانو چیک پوسٹ کے قریب دھماکا کر دیا۔ انتہائی زوردار دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے سے قریبی کھڑی گاڑیوں ، موٹرسائیکلوں میں آگ لگ گئی۔ واقعے میں متعدد دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ خوفناک دھماکے میں پولیٹیکل انتظامیہ کے لائن آفیسر، مقامی صحافی اور چار خاصہ دار اہلکاروں سمیت دس افراد شہید ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے وقت دھند بہت زیادہ تھی اور ہر طرف بھگدڑ مچ گئی۔ واقعے کے فوری بعد پولیٹیکل ایجنٹ شہاب علی شاہ بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا تحقیقات جاری ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف عزائم متزلزل نہیں ہوں گے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے انہیں اطلاعات ملی ہیں کہ دھماکا خودکش تھا بم ڈسپوزل اسکواڈ تحقیقات کر رہا ہے۔ سیکورٹی فورسز نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا۔ پولیٹیکل ایجنٹ شہاب علی شاہ زخمیوں کی عیادت کیلئے اسپتال بھی پہنچے۔ اسپتال میں سات افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔