پیرس (زاہد مصطفی اعوان سے) طبی جریدے ‘دی لانسٹ‘ کی حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 2015 کے دوران مردہ بچوں کی پیدائش کی شرح کے حوالے سے دنیا کے 186 ممالک میں سے پاکستان سر فہرست ہے۔
طبی جریدے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ہر 1 ہزار میں سے اوسطاً 43.1 بچے مردہ پیدا ہوتے ہیں۔پاکستان کے بعد نائیجیریا، چاڈ، نائیجر، گنی بساؤ، صومالیہ، سینٹرل افریقن ریپبلک، ٹوگو اور مالی بھی اُن ممالک میں شامل ہیں جہاں مردہ بچوں کی پیدائش کی شرح زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں پیدا ہونے والے کل 1 ہزار بچوں میں سے 18.4 بچے مردہ پیدا ہوتے ہیں.دی لانسٹ نے رپورٹ کیا ہے کہ دنیا بھر میں یومیہ 7200 بچے مردہ پیدا ہوتے ہیں، یعنی سالانہ 26 لاکھ بچے اور ان میں سے نصف اموات ڈلیوری کے دوران ہوتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مردہ پیدا ہونے والے بچوں میں سے 98 فیصد کا تعلق کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک سے تھا جبکہ افریقی صحرائے اعظم میں دنیا کے کسی بھی خطے کے مقابلے میں مردہ بچوں کی پیدائش کی شرح سب سے زیادہ ہے۔