تہران……عالمی معاشی پابندیاں ختم ہونے کے بعد ایران اور چین نے باہمی تجارت کا حجم چھ سو ارب ڈالر تک لے جانے پر اتفاق کیا ہے۔دونوں ملکو نے افغانستان ،عراق،شام اور یمن میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے تعاون پر بھی اتفاق کیا ہے۔
تہران میں چینی صدر شی جن پنگ اور ایرانی صدر حسن روحانی کے درمیان ملاقات ہوئی ، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات، دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور مشرق وسطیٰ میں استحکام کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد صدر روحانی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات کے دوران عراق ، شام ، افغانستان اور یمن میں دہشت گردی و انتہا پسندی جیسے مسائل کو قریبی رابطوں کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی راستے سلک روٹ، پُرامن جوہری توانائی میں تعاون سمیت سترہ معاہدوں پر دستخط کیے گئے، اس کے علاوہ آئندہ دس سالوں میں باہمی تعاون بڑھانے اور سرمایہ کاری چھ سو بلین ڈالر تک بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔