پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے پی آئی آے کے بکنگ سمیت تمام دفاتر کل سے بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو 2 فروری سے پی آئی اے کا فضائی آپریشن بھی معطل کر دیا جائے گا۔
کراچی: (یس اُردو) پریس کانفرنس کرتے ہوئے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کیپٹن سہیل بلوچ کا کہنا تھا کہ مطالبات کی منظوری کے لئے کل سے پی آئی اے ہیڈ آفس اور پاکستان بھر کے بکنگ آفس اور دفاتر دو فروری تک بند رکھیں جائیں گے۔ اگر اس دوران بھی مطالبات پورے نہ ہوئے تو دو فروری کی صبح سے پی آئی اے کا فضائی آپریشن بھی معطل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سول ایوی ایشن، ریلوے، اسٹیل ملز، آئل ٹینکر سمیت دیگر اداروں کی محنت کش یونین سے رابطے میں ہیں۔ سہیل بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر تمام یونینز ان کے ساتھ ہوں گی۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا تھا کہ ادارے کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ اسمبلی سے پاس کیا گیا بل فوری واپس لیا جائے۔