صنعا………یمن میں اقوام متحدہ کی نگرانی میں امدادی سرگرمیوں کے کوآرڈینیٹر جیمی مک گولڈرِک نے کہا ہے کہ تعز شہر میں ہزاروں عام شہریوں کو خوراک اور دیگر سامان کی اشد ضرورت ہے، جب کہ ان تک رسائی نہایت مشکل ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پیر کو ایک بیان میں انہوں نے حکومتی فورسز اور ایران نواز حوثی باغیوں سے مطالبہ کیا کہ انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے لیے امدادی ٹیموں کو متاثرہ علاقوں تک غیرمشروط رسائی دی جائے۔ تعز شہر پر قبضے کے لیے حکومتی فورسز اور حوثی باغیوں کے درمیان گزشتہ کافی عرصے سے شدید لڑائی جاری ہے، جب کہ وہاں قریب 25 ہزار عام شہری پھنسے ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق متاثرہ افراد کو خوراک، پانی اور ادویات کی شدید ضرورت ہے۔