لندن ……. امریکا میں تباہی مچانے والے طوفان جونز نے برطانیہ کا رخ کرلیا،اسکاٹ لینڈ اور ویلز میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارشوں کاامکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان جونز کے زیر اثر اسکاٹ لینڈ، ویلز سمیت برطانیہ کے مغربی علاقوں میں 4 انچ تک بارش ہوسکتی ہے ، ممکنہ متاثرہ علاقوں میں شدید موسم کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔ادھر تائیوان کے علاوہ چین ، ہانگ کانگ اور جاپان بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں ، تائیوان میں درجہ حرارت منفی 4 سینٹی گریڈ ہوگیا ہے ، جنوبی کوریا بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے جہاں 500 کے قریب پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں جبکہ ایک جزیرے پر موجود ہزاروں سیاح محصور ہوکررہ گئے ہیں ۔دوسری جانب ہانگ کانگ کا درجہ حرارت 3 درجے سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے جو پچھلے 60 برس میں کم ترین درجہ حرارت ہے ۔ مشرقی ایشیا کے کئی علاقوں میں پہلی مرتبہ برفباری دیکھی گئی ہے ،جن میں جنوبی چین کے گوانگ زو اور شینزین کے بعض علاقے ، جاپان میں اوکی ناوا جزیرہ اور دیگر خطے شامل ہیں۔جاپان میں برفانی طوفان سے اب تک 600 سے زائد پروازیں منسوخ کی جاچکی ہیں جب کہ شدید ٹھنڈ سے 5 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ادھر امریکہ کے مشرقی علاقوں میں تاریخ کے دوسرے بدترین سرد طوفان کی زد میں آنے کے بعد اب متاثرہ علاقوں میں برف ہٹانے اور صفائی کا کام جاری ہے ۔ واشنگٹن شہر میں زیر زمین ریلوے کے نظام کو محدود پیمانے پر بحال کر دیا گیا ہے ، تینوں ہوائی اڈوں سے فضائی سروس بھی بحال کر دی گئی ہے جبکہ سرکاری دفاتر پیر کو بند رکھے گئے ۔ واشنگٹن میں حکام کا کا کہنا ہے کہ معمولات زندگی کے پوری طرح بحال ہونے میں مزید چند دن لگ سکتے ہیں،واشنگٹن اور اس کے گرد و نواح میں اسکول اب بھی بند ہیں جب کہ کانگریس میں متعدد مسودہ قانون پر ہونے والی رائے شماری ملتوی کر دی گئی ہے ، تاہم سپریم کورٹ نے معمول کے مطابق اپنا کام جاری رکھا۔