قاہرہ…..مصر کے مختلف شہروں میں حسنی مبارک کے 30 سالہ اقتدار کا تختہ الٹنے والے 25 جنوری کے انقلاب کی 5 ویں سالانہ یاد کے موقع پر اقتدار پر فوجی قبضے کے مخالفین نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
نصرسیٹی، اسماعیلیہ، بنی سویف، قلیوبیہ اور کرداسہ میں جمع ہونے والے سیکڑوں مظاہرین نے قبضے کے خلاف مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے قبضے اور صدر عبدالفتاح السیسی کے خلاف نعرے لگائے ۔
انہوں نے مصر کے پہلے منتخب صدر محمد مرسی کی تصاویر اور رابعہ کی علامت والے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔پولیس، پیرا ملٹری اور فوج کی طرف سے ضلعی مراکز میں بھاری حفاظتی اقدامات اختیار کئے گئے تاہم مظاہرین اور پولیس کے درمیان کوئی ناخوشگواربڑا واقعہ پیش نہیں آیا۔الاخوان المسلمین کی سرکاری انٹر نیٹ سائٹ سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوری سے شروع ہونے والی احتجاجی مظاہروں کی لہر دوبارہ سے انقلاب کو کامیاب بنائے گی۔