سرینگر …… مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فورسز کی طرف سے نام نہاد یوم جمہوریہ کیلئے سکیورٹی کے نام پر معصوم شہریو ں کو ہراساں اور گرفتار کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیر کو پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کردیا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ لوگوں کو سکیورٹی کے نام پر ہراساں اور نظربند کرنا افسوسناک اور قابل مذمت عمل ہے، قابض حکام نے بھارتی فورسز کو سرینگر اور وادی کشمیر کے دیگر علاقوں میںعام شہریوں پر مظالم ڈھانے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے مختلف آبادی والے علاقوں میں آنسوگیس کے گولے پھینکنے سے بہت سی خواتین بے ہوش ہوگئی ہیں۔ترجمان نے کہا کہ سرینگر کے نوہٹہ اوردیگر علاقوں میں بھاری تعداد میں بھارتی فورسز کو تعینات کرنے کا کوئی جواز نہیںتھا۔