لاہور……فوڈ اتھارٹی پنجاب کی ڈائریکٹر عائشہ ممتاز نے ٹاؤن شپ میں چھاپہ مارا اور ناغے کے روز سپلائی کیا جانے والا کئی من غیرمعیاری گوشت پکڑ لیا، سمن آباد میں ناقص کھانے تیار کرنے پر ریسٹورنٹ سیل کرڈالا ۔لاہور کی دبنگ خاتون فوڈ اتھارٹی کی ڈائریکٹر عائشہ ممتاز کے چھاپوں سے شہر کا کوئی علاقہ چھپا نہ رہا، اب باری تھی ٹاؤن شپ کی، شامت آ گئی ناغے کے روز گوشت بیچنے والے کی ۔قصائی معمول کے مطابق رکشے میں گوشت رکھ کر دکانوں پر سپلائی کرنے جا رہا تھا کہ فوڈ اتھارٹی کی نظروں میں آگیا ،دل میں چور تھا،روکا توگھبرا گیا، اپنا رکشہ اور گوشت چھوڑ کر بھاگ نکلا ۔پورا 20من گوشت برآمد ہوا اور وہ بھی سارے کا سارا مضرصحت، فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے گوشت قبضے میں لے کر لائیو اسٹاک اور پولیس کی ٹیمیں طلب کر لیں ۔فوڈاتھارٹی کی ٹیم نے سمن آباد میں ایک ریسٹورنٹ پر چھاپامارا،صفائی کے ناقص انتظامات اورعملے کے میڈیکل سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر ریسٹورنٹ سیل کرنا چاہا تو انتظامیہ تلخ کلامی اوردھمیکوں پر اترآئی ٹیم نے پولیس طلب کرکے ریسٹورنٹ سیل کردیا۔