اسلام آباد……وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ سید خورشید شاہ نے جھوٹ بولنے کا ٹھیکہ اٹھا لیا ہے،اتنا جھوٹ بولیں جتنا ہضم کر سکیں ،انہوں نے ڈھائی سال میں حکومت سے ریکارڈ ذاتی مفادات لیے، اسی حکومت پر کس منہ سے تنقید کر رہے ہیں۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ وفاقی وزیرِداخلہ سے خورشید شاہ سمیت پیپلزپارٹی کے اکابرین کی خفگی سمجھ میں آتی ہے کیوں کہ چوہدری نثار پیپلزپارٹی کی سابقہ اور موجودہ کرپشن میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔رانا تنویر حسین نے سوال اٹھایا ہے کہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں ہزاروں دہشت گرد حملے ہوئے، خورشید شاہ بتائیں کوئی ایک جوڈیشل کمیشن بنا؟کیا صفورا، خیرپور اور کراچی ائرپورٹ پر حملے پر سندھ حکومت نے جوڈیشل کمیشن بنایا؟ انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ اور ان کےقائدین کا ایک نکاتی ایجنڈے رہا ہے اور وہ ایجنڈا آج بھی چل رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری پیپلز پارٹی کو ہضم نہیں ہو رہی۔