کوئٹہ……کوئٹہ میں پولیس اہلکاروں پر حملوں کا سلسلہ رک نہیں سکا، آج بھی فائرنگ کے ایک واقعے میں 4 پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
نئےسال کے پہلے ماہ کے پہلے 28دنوں میں اب تک پولیس کے 22 اہلکاروں سمیت سکیورٹی فورسز کے29 اہلکار جان کی بازی ہارچکے ہیں۔نئے سال کی آمد کےساتھ کوئٹہ میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنائے جانے کا شروع ہونےوالا سلسلہ اب تک رک نہیں سکا، آج بھی شہر کےنواحی علاقے میں چار پولیس اہلکار تخریب کاری کا نشانہ بن گئے۔کوئٹہ کےنواحی علاقے منیر مینگل روڈ پر نامعلوم افراد نےسیٹلائٹ ٹاؤن تھانے کی پولیس موبائل کو فائرنگ کانشانہ بنایا۔اس حملے میں 2 پولیس اہلکار موقع پر جبکہ دو سی ایم ایچ میں دم توڑ گئے۔ملزمان واقعے کے فوری بعد فرار ہوگئے۔بعد میں آئی جی پولیس احسن محبوب اور دیگر حکام موقع پر پہنچ گئے اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئیں۔ دوسری جانب سہہ پہر میں پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کی گئی۔اس افسوسناک واقعے سے پہلے 4جنوری کو سریاب کےعلاقے میں فائرنگ میں 4اہلکار، 8جنوری کو پٹیل باغ میں 2، 13جنوری کو سیٹلائٹ ٹاؤن میں 15اہلکار جبکہ نواحی علاقے مارگٹ میں بم دھماکے میں 6ایف سی اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔