اسلام آباد…..سپریم کورٹ نے این اے 89 جھنگ میں الیکشن ٹریبونل کااحمد لدھیانوی کو کامیاب قرار دینے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ مسلم لیگ ن کے شیخ محمد اکرم کی قومی اسمبلی کی رکنیت بحال کر دی گئی۔
جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔ فیصلہ جسٹس قاضی فائز عیسی نے پڑھ کر سنایا۔ فیصل آباد کے الیکشن ٹریبونل نے 9 اپریل 2014 ءکو مولانا احمد لدھیانوی کی درخواست پر 2013 ءکے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی شیخ محمد اکرم کو نااہل قرار دیا تھا۔ شیخ محمد اکرم نے 74324ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی تھی مولانا محمد احمد لدھیانوی نے 71598ووٹ حاصل کیے تھے۔ الیکشن کمیشن نے 18 اپریل 2014 ءکو دوسرے نمبر پر آنے والے امیدوارمولانا احمد لدھانوی کی بطور رکن قومی اسمبلی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا ۔مسلم لیگ ن کے شیخ اکرم نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔ 22اپریل 2014 ءکو سپریم کورٹ نے الیکشن ٹریبونل کے احمد لدھیانوی کی کامیابی کے فیصلے کو معطل کیا تھا۔8دسمبر 2015ء کو عدالت نے این ایے 89 میں ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔مسلم لیگ ن کے شیخ محمد اکرم پر کاغذات نامزدگی میں ولدیت اور شناختی کارڈ کے غلط اندراج کا الزام تھا۔ شیخ اکرم پر ایف آئی آر کا اندراج اور انتخابی بے ضابطگی کا الزام بھی عائد کیا گیا تھا۔ شیخ محمد اکرم کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیارکیا کہ ولدیت اور شناختی کارڈ کی غلطی درست کرا لی گئی تھی۔