احتجاج میں پی آئی اے ملازمین کے اہلخانہ بھی شامل ، دفاتر میں تالے ، ملک بھر میں فلائٹ آپریشن معطل
کراچی (یس اُردو) پی آئی اے ملازمین کا احتجاج گیارہویں روز بھی جاری ہے ، سیکڑوں پروازیں منسوخ ہونے سے مسافر خوار ہوکر رہ گئے ہیں ، سیکڑوں پروازیں منسوخ ہونے سے قومی ادارے کا مالی خسارہ اربوں روپے تک پہنچ گیا ۔ نجکاری کمیشن اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی میں آج مذاکرات شروع ہوسکتے ہیں ۔ ملک کے مختلف شہروں میں قومی ائیر لائن کی نجکاری کے خلاف پی آئی اے ملازمین کا احتجاج گیارہویں روز بھی جاری ہے ۔ ملازمین اسلام آباد میں بینظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر دھرنا دیئے بیٹھے ہیں ۔ کراچی میں پی آئی ملازمین ہیڈ آفس کے باہر جمع ہوئے ۔ آج ملازمین کے اہل خانہ اور بچے بھی احتجاج اور دھرنے میں شریک ہیں ۔ ملازمین کی ہڑتال کے باعث دفاتر میں تالے لگے ہیں ۔ کراچی ، اسلام آباد ، لاہور اور پشاور سمیت مختلف شہروں سے فضائی آپریشن معطل ہے ۔ سینکڑوں پروازوں کی منسوخی نے مسافروں کو شدید پریشانی اور ذہنی اذیت کا شکار کر دیا ہے ۔ سیکڑوں پروازوں کی منسوخی سے مالی مشکلات کے شکار قومی ادارے کی مالی پریشانی مزید بڑھ گئی ہیں اور پی آئی اے کا خسارہ اربوں روپے تک پہنچ گیا ہے ۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق احتجاج کرنے والے ملازمین اور حکومت کے درمیان ڈیڈ لاک ٹوٹنے کا امکان پیدا ہوگیا ہے ۔ چیئرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی سہیل بلوچ نے چیئرمین نجکاری محمد زبیر سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق نجکاری کمیشن اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی میں آج کراچی میں مذاکرات شروع ہونے کا امکان ہے ۔ دوسری جانب کراچی میں پی آئی اے کے احتجاج کے دوران جاں بحق ہونے والے ملازمین کے قتل کا مقدمہ عدالتی حکم کے باوجود درج نہیں ہوسکا ۔