راولپنڈی میں تھانہ ایئرپورٹ کی حدود میں دفعہ 144 نافذ ، 4 سے زائد لوگوں کے جمع ہونے ، جلسہ جلوس کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی
کراچی (یس اُردو) پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف ملک بھر میں ملازمین آج بھی سراپا احتجاج ہیں ۔ آج چودہویں روز بھی دفاتر نہ کھل سکے ، مسافروں کی مشکلات کم نہ ہوسکیں ۔ پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف ملک بھر میں ملازمین کا احتجاج 14 ویں روز بھی جاری ہے ، آج بھی پی آئی اے کے مین دفاتر بند ہیں ، بکنگ کورئیر سروس بھی بند ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔ کراچی ، لاہور ، پشاور ، کوئٹہ سمیت ملک بھر کے متعدد شہروں میں پی آئی اے ملازمین دھرنا دئیے بیٹھے ہیں ۔ پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال اور احتجاج کے باعث خوار ہوتے مسافروں کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ ادھر راولپنڈی میں تھانہ ائیرپورٹ کی حدود میں 48 گھنٹے کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے ۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 4 یا 4 سے زائد لوگوں کے جمع ہونے اور جلسہ جلوس کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔ دوسری طرف ملک بھر کے ائیرپورٹس پر سیکورٹی انتہائی سخت ہے ۔