لاہور میں نولکھا پولیس نے غیر قانونی طور پر اسلحہ تیار کرنے والے کارخانے پر چھاپہ مار کر دو ملزم گرفتار کر لئے ۔ ملزم اسلحہ تیار کر کے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں سپلائی کرتے تھے۔
لاہور: (یس اُردو) نولکھا کے علاقہ ریلوے روڈ پر غیرقانونی طور پر اسلحہ بنانے کے کارخانے کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی اور موقع پر موجود دو ملزموں نذیر صابری اور آصف صابری کو گرفتار کر لیا ۔ کارروائی کی اطلاع پر سی سی پی او لاہور امین وینس، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف اور ایس ایس پی سی آئی اے عمر ورک بھی موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے کارخانے میں موجود ساز و سامان کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سی سی پی او کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم غیرقانونی طور پر اسلحہ تیار کر کے مختلف شہروں میں سپلائی کرتے تھے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزموں کی نشاندہی پر مختلف شہروں میں موجود ان کے دیگر کارندوں کو بھی گرفتار کر کے سخت کاروائی کی جائے گی۔