اسلام آباد……میاں منشاء کی سربراہی میں ایم سی بی بینک نے کامیابی کا ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے، دنیا کی معتبر فائنانشل کمپنی کریڈٹ سوئیز نے ایم سی بی بینک کو پاکستان کا بہترین بینک قرار دیا ہے جبکہ ایشیا بحرالکاہل کے خطے میں اسے تین بہترین بینکوں میں شامل کیا ہے۔
زیورچ میں ہیڈکوارٹر رکھنے والی کریڈٹ سوئیز کو دنیا بھر میں سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق معلومات دینے کے لیے قابل اعتبار سمجھا جاتا ہے۔کمپنی کی رپورٹ کے مطابق ایم سی بی بینک بچتیں جمع کرنے والے اداروں میں ایشیا بھر میں سب سے بہتر ہے۔اس کے علاوہ اس کی آپریٹنگ مستعدی اور ایسٹ مینجمنٹ بھی بہترین ہے، ایم سی بی کے نیٹ انٹرسٹ مارجنز بھی بہترین ہیں۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سیاسی صورت حال بہتر ہونے کے بعد فضا کاروبار کے حق میں سازگار ہوئی ہے۔ پچھلے تین برسوں میں پاکستانی بینکوں نے ایشیا بھر میں سب سے بہتر کارکردگی دکھائی۔ ایم سی بی بینک پاکستانی بینکوں میں بہترین ہے اور کریڈٹ سوئیز نے اس کا موازنہ ایچ ڈی ایف سی اور بی سی اے جیسے اداروں کے ساتھ کیا ہے