نئی دہلی……بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبد الباسط نے کشمیری رہنما سید علی گیلانی سے ملاقات کی اور مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ہائی کمشنرعبدالباسط نے سید علی گیلانی سے نئی دہلی میں ان کے گھر پر ملاقات کی جو 45 منٹ جاری رہی۔ سید علی گیلانی گزشتہ کچھ عرصے سے علیل ہیں ، عبدالباسط نے ان کی عیادت بھی کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
سید علی گیلانی نے یوم یکجہتی کشمیر پر وزیراعظم نواز شریف کے بیان کو سراہا اور پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا تھا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔