گجرات (مرزا خرم حسنین)ڈی سی او گجرات کی ہدایت پر ضلع بھر میں پرائیویٹ بلدنگز میں قائم پٹوار خانے ختم کر دئیے گئے ہیں اور پٹواریوں کو تحصیل دفاتر اور مختلف سرکاری بلڈنگز میں دفاتر الاٹ کر دئیے گئے ہیں پٹواریوں پر اپنے ساتھ پرائیویٹ منشی رکھنے پر بھی سختی سے پابندی ہو گی اور خلاف ورزی کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر عرفان علی کاٹھیا نے ضلع بھر کے ریونیو افسران ، قانونگواور پٹواریوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اے سی گجرات نور العین ، ریونیو آفیسر ارشاد احمد و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ضلع بھر کے تمام پٹوار خانوں میں تعینات پٹواریوں کا دیگر پٹوار سرکلز میں تبادلہ کیا گیا ہے تاہم اس کے باوجود ضلعی انتظامیہ کو بدعنوانی کی شکایات موصول ہو رہی تھیں جس کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے انہوں نے بتایا کہ تحصیل گجرات خصوصاً شہری علاقوں اور جلالپور جٹاں میں تعینات پٹواریوں کو تحصیل آفس گجرات میں دفاتر فراہم کیے گئے ہیں جہاں وہ خود اپنے فرائض سرانجام دیں گے اور معاونت کیلئے کسی پرائیویٹ فرد یا منشی کی خدمات حاصل نہیں کر سکیں گے انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی پوری توجہ عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے یہ اقدام بھی اسی مقصد کیلئے اٹھایا گیا ہے انہوں نے واضع کیا کہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے اور شہریوں کو تنگ کرنے والے اہلکاروں سے ہرگز کوئی رعایت نہیں کی جائے اور انہیں نشان عبرت بنا دیا جائیگا ۔